ایک نیوز :بحرین کے فرمانروا نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے بھی نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا بحرین کا2روزہ سرکاری دورہ، بحرینی فرمانروا، ولی عہد اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں، دوطرفہ فوجی اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نےبحرینی فرمانروا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقاتیں کیں۔
بحرینی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لئے جاری کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بحرین نیشنل گارڈ کے یوم تاسیس کی تقریب میں انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق سے متعلق شاندار مظاہرے کا پیش کیا گیا۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔