خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک، انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، محسن نقوی

Jan 08, 2024 | 15:53 PM

ایک نیوز: نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویش ناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے، نگران وزرا کی ڈیوٹی لگی ہوئی ہے۔

بیدیاں روڈ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایس ایل تھری میں موسم کی وجہ سے مشکل آ رہی ہے۔ جو پہلے خشک ہونے میں ایک دن لگتا تھا۔ اب ڈھائی دن لگ رہے ہیں۔ کوشش کریں گے وقت پر مکمل کریں مگرآٹھ، دس دن سے زیادہ لیٹ نہیں ہونے دیں گے۔ امید ہے اس پل کو اکتیس جنوری سے پہلے کھول دیا جائیگا۔ لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پر الیکشن کمیشن کو فیڈ بیک دیں۔ پنجاب میں دیگر صوبوں جیسا مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کے حوالے سے روزانہ کریک ڈاؤن ہورہا ہے۔ لوگ پکڑے جاتے ہیں مگر اگلے دن چھوٹ جاتے ہیں اور پھر وہی دھندہ شروع کردیتے ہیں۔ اس صورتحال میں ہم کیا کرسکتے ہیں۔ جب تک قوانین سخت نہیں ہوں گے اور ان لوگوں کو سزائیں نہیں ملیں گی تب تک مہنگائی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی بوری 3600 روپے کی بوری ہے جو کہیں ساڑھے 4 ہزار روپے تو کہیں 5 ہزار روپے میں مل رہی ہے، مہنگائی کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں ہورہی ہیں مگر مسئلہ وہی ہے کہ ان افراد کو آج پکڑتے ہیں تو اگلے دن وہ چھوٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس میں عدالتوں کا کوئی قصور نہیں، قوانین کو سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی حکومت ان قوانین کو سخت بنانے پر کام کرے گی۔

مزیدخبریں