گولڈن گلوب ایوارڈ 2024: اوپن ہائمر بہترین فلم ، سکسیشن بہترین ٹی وی سیریز

golden globe award 2024
کیپشن: golden globe award 2024
سورس: google

ویب ڈیسک : ریڈ کارپٹ ایونٹ اور ستاروں کی جھرمٹ میں ہالی وڈ کے دوسرے سب سے بڑے سمجھے جانے والے ایوارڈز 'گولڈن گلوبز 2024' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی رات کیلی فورنیا کے بیورلی ہلٹن ہوٹل میں 81ویں گولڈن گلوبز کے رنگا رنگ ایونٹ کا انعقاد ہوا جہاں معروف ہدایت کار، پروڈیوسرز اور اسٹارز نے محفل کی رونقیں بڑھائیں۔

تقریب کو امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'سی بی سی' اور 'پیراماؤنٹ' ٹی وی چینل نے براہِ راست نشر کیا۔

گولڈن گلوبز 2024 میں بہترین فلم (ڈرامہ) 'اوپن ہائمر' قرار پائی۔ 'اوپن ہائمر' نے بہترین فلم اور ہدایات سمیت پانچ ایوارڈز اپنے نام کیے۔

بہترین ٹیلی ویژن سیریز کا ایوارڈ 'سکسیشن' کے نام رہا جو گولڈن گلوبز کی شام چار ایوارڈز حاصل کر کے نمایاں رہی۔

بہترین فلم (ڈرامہ) کا گولڈن گلوب ایوارڈ فلم 'اوپن ہائمر' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں اس فلم کے ساتھ کلرز آف دی فلاور مون، مائسٹرو، پاسٹ لائیوز، دی زون آف انٹرسٹ اور اینوٹمی آف آ فال نامزد تھیں۔

بہترین میوزیکل/ کامیڈی فلم کا ایوارڈ 'پور تھنگز' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری کے لیے باربی، امیرکن فکشن، دی ہولڈ اوورز، مئی دسمبر اور ایئر نامزد تھے۔

گولڈن گلوبز 2024 میں 'اینوٹمی آف آ فال' بہترین غیر انگریزی فلم قرار پائی۔

اس کیٹیگری میں فالن لیوز، لو کیپیٹانو، پاسٹ لائیوز، سوسائٹی آف دی اسنو اور دی زون آف انٹرسٹ نامزد تھی۔

بہترین ٹیلی ویژن سیریز (ڈرامہ)

'سکسیشن' بہترین ڈرامہ ٹیلی ویژن سیریز قرار پائی۔

بہترین ڈرامہ ٹیلی ویژن سیریز کے لیے 1923، دی کراؤن، دی ڈپلومیٹ، دی لاسٹ آف اس، اور دی مارننگ شو نامزد تھیں۔

بہترین اداکار ٹیلی ویژن سیریز (ڈرامہ)

ٹیلی ویژن سیریز کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ 'سکسیشن' کے لیے کیرن کلکن کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں ان کا مقابلہ پیڈرو پاسکل، جریمی اسٹرونگ، برائن کوکس، گیری اولڈ مین اور ڈومینک ویسٹ کے ساتھ تھا۔

بہترین اداکارہ ٹیلی ویژن سیریز (ڈرامہ)

بہترین ٹیلی ویژن سیریز ڈرامہ کی کیٹیگری کے لیے 'سکسیشن' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سارہ اسنوک فاتح قرار پائیں۔

ان کے مدِ مقابل ہیلن میرن، بیلا رامزی، کیری رسل، امیلڈا اسٹونٹن اور ایما اٹون تھیں۔

بہترین اداکارہ (موشن پکچر ڈرامہ)

بہترین اداکارہ (موشن پکچر) کی کیٹیگری میں 'کلرز آف دی فلاور مون' کے لیے اداکارہ للی گلیڈ اسٹون فاتح قرار پائیں۔

ان کا مقابلہ کیری ملیگن، سینڈرا ہلر، انیٹ بیننگ، گریٹا لی اور کیلی اسپینی کے ساتھ تھا۔

بہترین اداکار (موشن پکچر ڈرامہ)

'اوپن ہائمر' میں اداکاری کرنے والے کلیئن مرفی کو بہترین اداکار (موشن پکچر ڈرامہ) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کے ساتھ بریڈلی کوپر، لیونارڈو ڈی کیپریو، کولمین ڈمینگو، اینڈریو اسکاٹ اور بیری کیوگن نامزد تھے۔

بہترین معاون اداکارہ (موشن پکچر)

 vاداکارہ دا وائن جوائے رینڈولف کو 'دی ہولڈ اوورز' کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ٖٖٖٖٖ

اس ایوارڈ کے لیے ان کی مدِ مقابل ایملی بلنٹ، ڈینیئل بروکس، جوڈی فوسٹر، جولیان مو اور روزمنڈ پائیک تھیں۔

بہترین معاون اداکار (موشن پکچر)

 بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ 'اوپن ہائمر' کے لیے روبرٹ ڈاؤنی جونیئر کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ ولم ڈیفو، روبرٹ ڈی نیرو، رائن گوسلنگ، چارلس میلٹن اور مارک رفلو نامزد تھے۔

بہترین سونگ (موشن پکچر)

موشن پکچر میں بہترین سونگ کی کیٹیگری کا فاتح باربی فلم کا گانا 'واٹ واز آئی میڈ فار' قرار پایا۔