وزیر آباد: تحریک انصاف کےامیدواروں کےکاغذات نامزدگی منظور

وزیر آباد: تحریک انصاف کےامیدواروں کےکاغذات نامزدگی منظور
کیپشن: وزیر آباد: تحریک انصاف کےامیدواروں کےکاغذات نامزدگی منظور

ایک نیوز: ضلع وزیرآباد سے تحریک انصاف کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی پر الیکشن ٹربیونل ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرآباد سے تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسرز نے اعتراضات لگا کر مسترد کر دیئے تھے جن پر تحریک انصاف کے امیدواروں نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شکیل احمد نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔جس میں وزیرآباد حلقہ پی پی 35 اور این اے 66 کے لئے پیپلز پارٹی کے امیدوار اعجاز احمد سماں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے،پیپلز پارٹی کے امیدوار اعجاز احمد سماں کو الیکشن میں حصہ لینے کے لئے اجازت مل گئی جبکہ تحریک انصاف کے حلقہ این اے 66 اور پی پی 36 سے امیدواران تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمد احمد چٹھہ ،فیاض چٹھہ اور مسز عین احمد چٹھہ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

پی پی 35 سے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری محمد یوسف ،حاجی ناصر چیمہ کے کاغذات نامزدگی بھی قبول کر لیے۔

کاغذات کی منظوری سے متعلق محفوظ فیصلہ سنائے جانے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تحریک انصاف کے امیدواروں نے باضابطہ الیکشن کمپئین کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔