پی ٹی آئی کے اندربغاوت، ناراض ارکان کا پارٹی آفس اسلام آباد کے باہر احتجاج

Jan 08, 2024 | 13:07 PM

ایک نیوز: پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی میں بغاوت زور پکڑ گئی۔ مختلف تنظیمی عہدیداروں نے اسلام آباد میں پارٹی آفس کے باہر احتجاج شروع کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق مردان پی کے 54 سے تحریک انصاف کے کارکنان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پہنچ گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آج ہم یہاں اس لیے آئے ہیں کہ عمران خان نے کہا تھا کہ یوتھ کو 25% ٹکٹس دیے جائیں گے۔ آج ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ ہمیں وہ کوٹہ دیا جائے۔ ہم آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی ہدایت کے باوجود آئندہ انتخابات میں 25 فیصد کوٹہ نہیں دیا جاریا۔ ہماری کسی سے لڑائی نہیں ہمیں کوٹہ کے مطابق ٹکٹیں دی جائیں۔ جس کو بھی ٹکٹ ملا ہم سب اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

مظاہرین نے واضح کیا کہ ان کا مقصد ایم این اے بننا نہیں بلکہ عمران خان کو جیل سے باہر نکلوانا ہے۔ جو لوگ پارٹی کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے رہے ہیں انکو ٹکٹ دیے جائیں۔ جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں انکو ٹکٹ نہیں دیا گیا تو پارٹی کو نقصان ہوگا۔

پی کے 42 سے بھی تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج میں شامل ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر نظریاتی لوگوں کو نظرانداز کیا گیا تو نقصان ہوگا۔ اگر کوئی پارٹی کی پالیسی سے اختلاف کر رہا ہے تو اسے پارٹی کے خلاف نہ سمجھا جائے۔ ہم چاہتے ہیں نوجوانوں کو ٹکٹیں دی جائیں۔ 

قبل ازیں عام انتخابات 2024 سے قبل ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ جہاں خیبرپختونخوا میں بڑے دھڑوں نے اپنے ہی رہنماؤں کیخلاف بڑے احتجاج کی کال دیدی ہے۔ 

پی ٹی آئی، آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ نے ناراض ارکان نے اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی۔ پی ٹی آئی، آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ کے ارکان ٹکٹوں کی تقسیم پر نظر انداز کیے جانے پر پی ٹی آئی سینٹرل ایگزیکٹو اسلام آباد کے خلاف آج احتجاج کریں گے۔ 

پی ٹی آئی، آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ کے ناراض رہنما پی ٹی آئی آفس کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ احتجاجی قافلہ کے پی صبح 9 بجے نکلے گا جس کی متوقع آمد دوپہر 2 بجے اسلام آباد ہوگی۔ پی ٹی آئی یوتھ ونگ کی قیادت آئی ایس ایف کے عہدیداران کر رہے ہیں۔ قیادت میں امیدوار برائے کے پی 97 کرک جنرل سیکریٹری ثناء اللہ بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں