پی ٹی آئی بلے کی بحالی سےمتعلق کیس 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر

Jan 08, 2024 | 11:37 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بلے کے نشان کے لیے دائر درخواست 10 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما حامد خان کو عدالت نے طلب کیا جس پر وہ روسٹرم پر آگئے۔

چیف جسٹس نے حامد خان سے پوچھا کہ کیا آپ کی درخواست کل مقرر کردیں؟ اس پر حامد خان نے استدعا کی کہ آج ہی سماعت کیلئے مقرر کردیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ آج 9 ممبربنچ بھی ہے اور ایک خصوصی بنچ بھی ہے۔

حامد خان نے کہا کہ ہماری ترجیح آج ہے، نہیں تو پھر پرسوں لگا دیں۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ فیصلے کے خلاف آئے ہیں یا 184/3 کی درخواست ہے؟

حامد خان نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف 185/3 میں سپریم کورٹ آئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بس پھرمعاملہ ججزکمیٹی کے پاس نہیں جانا تو پرسوں کیلئے کیس مقرر کردیتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے بلے کے نشان کے کیس کو 10 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

مزیدخبریں