بالائی علاقوں میں بارش،برفباری،ملک بھر میں کڑاکے کی سردی

بالائی علاقوں میں بارش،برفباری،ملک بھر میں کڑاکے کی سردی
کیپشن: بالائی علاقوں میں بارش،برفباری،ملک بھر میں کڑاکے کی سردی

ایک نیوز: ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، مختلف مقامات پر بارش اور برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں کڑاکے کی سردی سے شہری ٹھٹھرنے لگے، سرد ہوائیں چلنے سے موسم میں خنکی بڑھ گئی، درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو الرٹ کیا ہے کہ سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ادھر بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

کوئٹہ ، نصیر آباد، بولان، ڈیرہ بگٹی، قلات میں بارش جبکہ زیارت میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کالام میں درجہ حرارت منفی 5، چترال میں منفی 3 اور دیر میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاراچنار، پشاور، مالم جبہ، وادی لیپا، نیلم ویلی سمیت بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بلوچستان کے بالائی پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے دھند اور سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج شہر قائد کا موسم خشک اور دھند رہے گی،حد نگاہ 3 کلو میٹر ریکارڈ کیا گیا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری رہنے کا امکان ہے،کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری رہا،شمال مشرق کی جانب سے 8 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے۔

دوسری جانب دھند کے باعث شہر میں آلودگی کے ڈیرے،ائیر کوالٹی انڈکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی میں کراچی دسویں نمبر پرموجود ہے،ہوا میں آلودہ زرات کی مقدار 168 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،سو سے دوسو پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کےلیے مضر ہے۔دو سو سے تین سو پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔