ویب ڈیسک: بنگلا دیش کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو گئے جس کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی پارٹی عوامی لیگ نے 60 فیصد سے زائد سیٹیں جیت لی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلاد یشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے آبائی حلقے گوپال گنج سے اپنی سیٹ جیت لی، اس کے علاوہ ان کی پارٹی عوامی لیگ نے غیر حتمی نتائج کے مطابق 204 سیٹیں اپنے نام کر لی ہیں، حسینہ واجد کی اتحادی جماعت جاتیہ پارٹی بھی 9 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔
بنگلا دیش کی کل 300 سیٹوں میں سے 264 کے نتائج سامنے آچکے ہیں، انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرنے کے بعد شیخ حسینہ واجد کے 5 ویں بار وزیر اعظم بننے کا امکانات روشن ہو گئے ہیں، بنگلادیش میں اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے بھی اپنی نشست جیت لی، شکیب الحسن نے اپنے حریف کو 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی، شکیب الحسن مغربی شہر ماگورا سے عوامی لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں۔