باجوڑ: پولیس ٹرک کے قریب دھماکا، 5 اہلکار شہید

Jan 08, 2024 | 09:23 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیو سکیورٹی کیلئے جانے والے پولیس ٹرک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ٹرک کو باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ بیلوٹ فرش میں نشانہ بنایا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 5 اہلکار شہید اور 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جاں بحق اہلکاروں میں حبیب الرحیم، مناسب خان، محمد رؤف، خان محمد اور علی رحمان شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار انسداد پولیو مہم ٹیم کی سکیورٹی کیلئے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی دھماکے کی زد میں آ گئی۔

دھماکے کے بعد زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے، جبکہعلاقے کا محاصرہ کر کے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مہمند اور لوئر دیر ٹیموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

 خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں رواں سال کی پہلا انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہوچکی ہے۔

پولیو حکام کا کہنا ہے کہ خیبر اور پشاور میں انسدادِ پولیو مہم 7 اور باقی اضلاع میں 5 روز ہوگی، اس دوران 74 لاکھ بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق لکی مروت اور جنوبی وزیرستان کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

 مہم کے لیے 31 ہزار 505 پولیو کی تربیت یافتہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کی حفاظت کیلئے 50 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں