ویب ڈیسک:قہوہ پینےسےصحت کوفائدہ ہوتاہےیانہیں؟اس بارےمیں ماہرین بڑاانکشاف کردیا۔
تفصیلات کےمطابق (قہوہ)کودودھ کےبغیرچائےکہاجائےتویہ غلط نہ ہوگا،چائےدنیا کے مقبول ترین مشروبات میں سے ایک ہے اور اس کا استعمال صدیوں سے ہو رہا ہے۔ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ چائے کے 3 ارب سے زیادہ کپ پیے جاتے ہیں۔
چائے میں کیفین، فلورائیڈ اور فلیونولز سمیت متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔
مگر کیا دودھ کے بغیر چائے یا سیاہ چائے (قہوہ) پینے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے یا نہیں؟
کیا سیاہ چائے پینا فائدہ مند ہوتا ہے؟
اس کا جواب ہاں ہے، دیگر اقسام کی طرح بغیر دودھ کی چائے پینے سے جسم کو اضافی اینٹی آکسائیڈنٹس ملتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق چائے میں پولی فینولز نامی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ چائے میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے مختلف امراض جیسے دل کی شریانوں کے امراض اور ذیابیطس سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ اینٹی آکسائیڈنٹس عمر بڑھنے سے آنے والی جسمانی تنزلی سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
سیاہ چائے کے فوائد
سیاہ چائے پینے کی عادت سے صحت کو متعدد فوائد ہوتے ہیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیاہ چائے کو پینے سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
چائے میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جسم میں گردش کرنے والے نقصان دہ مواد کے اثرات سے خلیات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جس سے متعدد امراض سے بچنا ممکن ہوتا ہے۔
چائے میں موجود اجزا سے معدے کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
کچھ تحقیق رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ سیاہ چائے پینے کی عادت کینسر کی مخصوص اقسام سے بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔
ایسے بھی شواہد موجود ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ اس چائے کو پینے سے کھانے کے بعد بڑھنے والے بلڈ شوگر لیول میں کمی آتی ہے۔
سیاہ چائے میں theanine نامی جز بھی ہوتا ہے جو تناؤ میں کمی لاتا ہے جبکہ مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیاہ چائے پینے سے صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آتی ہے، جس سے امراض قلب سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
کیا سیاہ چائے میں کیفین موجود ہوتی ہے؟
سیاہ چائے میں کافی کے مقابلے میں کیفین کی مقدار کم ہوتی ہے اور ایک کپ میں 47 ملی گرام کیفین موجود ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 300 ملی گرام کیفین سے زیادہ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
کیفین کے زیادہ استعمال سے سردرد، بے خوابی، انزائٹی، چڑچڑے پن، دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھنے اور مسلز میں تکلیف جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
تو کتنے کپ چائے پینا بہتر ہوتا ہے؟
مختلف تحقیقی رپورٹس میں اس سوال کا جائزہ لیا گیا۔
کچھ رپورٹس میں روزانہ 2 سے 4 کپ چائے پینا محفوظ قرار دیا گیا جبکہ کچھ میں دعویٰ کیا گیا کہ 10 کپ روزانہ چائے پینے سے صحت کو نقصان نہیں ہوتا۔
تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ 3 سے 5 کپ روزانہ چائے پینا بیشتر افراد کے لیے محفوظ ہوتا ہے۔
اس سے زیادہ مقدار کے استعمال سے منفی اثرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔