ایک نیوز: مالاکنڈ میں سیاحتی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں مالاکنڈ میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سےامن جیپ اینڈ بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
73 کلومیٹر پر مشتمل جیپ اینڈ بائیک ریلی میں پاکستان بھر سے 78 جیپوں اور 25 بائیکس نے حصہ لیا۔ ریلی بٹ خیلہ سے روانہ ہوئی اور براستہ درگئی، مالاکنڈ فورٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر مالاکنڈ فورٹ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ تھے۔ مہمان خصوصی نے ریلی میں شاندار کارگردگی دکھانے والے جیپ ڈرائیورز اور بائیکرز میں انعامات تقسیم کئے۔
تقریب میں علاقائی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ایونٹ کے انعقاد پر شرکاء اور مہمانوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔