ایک نیوز :پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسیٰ زئی کے گھر دستی بم حملہ ہوا ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق نجی ٹی وی کو ناصر خان موسیٰ زئی نے بتایا کہ میرے حجرے پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ میں اسلام آباد میں ہوں، شکر ہے بم حملے سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ناصر خان موسیٰ زئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے میسج کے علاوہ مجھے کسی نے دھمکی نہیں دی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پشاور سے رکن قومی اسمبلی ناصر موسیٰ زئی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطا الرحمان سے ملاقات کی تھی ،ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا عطا الرحمان نے ناصر موسیٰ زئی کو جے یو آئی میں شمولیت کی دعوت دی تھی، ناصر یوسفزئی نے ان کی پارٹی میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی تھی ۔
ناصر موسیٰ زئی نے کہا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ ناصر خان موسیٰ زئی پشاور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 29 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔