ایک نیوز: خبردار، ہوشیار باش، آن لائن آرڈر پر چیز منگوا کر کھانے سے پہلے اچھی طرح چھان بین کرلیں۔ بھارت میں آرڈر پر بریانی منگوا کر کھانے والی 19 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ میں 31 دسمبر ہفتے کے روز پیش آیا جہاں انجو شری پاروتی نامی لڑکی مبینہ طور پر بریانی کھانے کے بعد انتقال کرگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعہ سے متعلق بتایا کہ انجو نے 31 دسمبر کو مقامی ریسٹورینٹ سے بریانی آن لائن آرڈر دے کر منگوائی تھی جسے کھا کر اس کی حالت غیر ہوگئی۔
حالت بگڑنے پر اسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج چل رہا تھا، ڈاکٹرز نے بتایا کہ اسے سنگین نوعیت کی فوڈ پوائزننگ ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے بعد ہفتے کے روز ہی لڑکی کی موت واقع ہوگئی، متاثرہ لڑکی کے والدین کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، مزید کارروائی فارنزک رپورٹ آنے کے بعد کی جائے گی۔
دوسری جانب کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ان تمام ریسٹورنٹس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جن پر فوڈ پوائزننگ کا الزام ہے۔