ٹرائی نیشن سیریز کیلئے پنجاب پولیس نے سخت اقدامات کر لیے

Feb 08, 2025 | 17:30 PM

ایک نیوز: ٹرائی نیشن سیریز کی سکیورٹی پر 11ایس پیز،32ڈی ایس پیزاور75ایس ایچ اوزفرائض سر انجام دیں گے۔ 
لاہور پولیس کے مطابق 528اپر سبارڈنیٹس،222لیڈی کانسٹیبلان سمیت 7500 سے زائد افسران و جوان میچز کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے،صوبائی دارالحکومت میں ٹرائی نیشن سیریز کے دومیچز منعقد ہو ں گے ،پہلا میچ پاکستان اورنیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین آج کھیلا جارہا ہے۔
دوسرامیچ 10فروری کو نیوزی لینڈ اور ساؤتھ افریقہ کے مابین کھیلا جائے گا، ٹرائی نیشن سیریز اور چیمپئینز ٹرافی کے میچزکے لئے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور قذافی سٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے بھر پورانتظامات کئے گئے ہیں،کھلاڑیوں وشائقین کی سکیورٹی کیلئے بیرئیرز، واک تھروگیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز، خاردار تاریں ودیگرسکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔
ہر فرد مکمل تلاشی کے بعد سٹیڈیم میں داخل ہو گا، خواتین شرکاء کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائے گئی،پولیس افسران تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں، میچوں کے دوران ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمرہ نیٹ ورک کے ذریعے اہم پوائنٹس کی موثر مانیٹرنگ کی جائے گی،قذافی سٹیڈیم سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک پولیس کا خصوصی عملہ تعینات ہو گا، پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اورکھیلوں کے فروغ کے لئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ 

مزیدخبریں