چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی الیکشن کے پرامن انعقاد پر قوم کو مبارکباد

Feb 08, 2024 | 22:10 PM

ویب ڈیسک : چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے الیکشن کے پرامن انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عوام ، نگراں حکومتوں ، سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے سیکیورٹی اداروں ، سول ایڈمنسٹریشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے مزید کہا کہ امید ہے آراوز اہم کام کی تکمیل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، آراوز نتائج کی بروقت ترتیب اور ترسیل کو ممکن بنائیں گے۔
سکندر سلطان نے کہا کہ ابھی ہم نےاپنی ذمہ داری کا ایک حصہ مکمل کیا ہے، پولنگ کے بعد غیر حتمی نتائج کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کاعمل بغیرکسی کے وقفے کے جاری رہا کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا، جہاں مسائل ہوں گے وہاں متعلقہ پریزائیڈنگ افسر خود متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر فارم 45 فراہم کرے گا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ‏ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف اور پر امن ہوئے ہیں، پورے پاکستان میں کسی ووٹر کو نہیں روکا گیا، یقین ہے ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔

مزیدخبریں