ویب ڈیسک:استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری نے الیکشن کمیشن سے پولنگ عملے کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 میں عون چوہدری اور عمر سہیل ضیا بٹ نے جونئیر ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔
اس دوران مسلم لیگ ن اور آئی پی پی کے مشترکہ عون چودھری نے پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کی نشاندہی کردی اور کہا کہ انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشن کے اندر پی ٹی آئی کا کیمپ لگوا دیا۔
ووٹرز نے شکوہ کیا کہ پولنگ عملہ آئی پی پی اور ن لیگ کے ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے ووٹرز کو خوار کررہا ہے،لسٹوں میں نام نہ ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے۔
عون چودھری نے الیکشن کمیشن سے پولنگ عملے کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فسطائیت کی سوچ رکھنے والے لوگ بطور پولنگ عملہ تعینات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ووٹ نہ ڈالیں لیکن ہم ڈٹ کر اس دھاندلی اور پیٹرول پمپ والوں کا مقابلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ این اے 128 میں عون چوہدری کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بیرسٹر سلمان اکرم راجا سے ہے۔