ایک نیوز: قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا بہت ضروری ہے، خدا کا واسطہ ہے مخلوط حکومت کا نام نہ لیں۔
تفصیلات کے مطابق ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ایک نیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ الیکشن میں ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا بہت ضروری ہے، ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا ضروری ہے تاکہ اس کا دوسروں پر دارومدار نہ ہو۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، ملک سے بدتمیزی، گالم گلوچ کے خاتمے کے کلچر کیلئے ووٹ دیں، الیکشن کے بعد رعونیت، گالی گلوچ اور قوم کو ورغلانے کے کلچر کا خاتمہ ہو گا، زندگیوں میں آسانیاں آئیں گی، پاکستان کے لوگ خوشحال زندگی بسر کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے آکر خواب کو بکھیرا، انہوں نےآ کر معاشرہ خراب کیا، ہم آ کر معاشرہ ٹھیک کریں گے۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ مریم نے برے وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا، پارٹی میں شہباز شریف کی بھی بہت خدمات ہیں، ہم نے جیلیں کاٹی ہیں، حمزہ اور مریم جیسے بچوں نے جیلیں کاٹیں، یہ دن ہم قربانیاں دیکر دیکھ رہے ہیں۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 128 میں ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز اور عون چودھری بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے استحکام پاکستان پارٹی کے انتخابی نشان "عقاب" پر مہر لگائی جس کی وجہ این اے 128 میں ن لیگ کی آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن نے اس حلقے سے اپنے کسی امیدوار کو کھڑا نہیں کیا جبکہ این اے 128 میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے عون چودھری انتخابی امیدوار ہیں۔