ایک نیوز:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نےاین اے 250 نارتھ ناظم آباد میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا اور کہا کہ موبائل سروس بند کرکے 25 کروڑ پاکستانیوں کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نےاین اے 250 نارتھ ناظم آباد میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا، بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موبائل فون سروسز بند کردی گئی ہے بدترین صورتحال ہے، وزیر داخلہ نے فون سروس بند کرکے کون سی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی ہے، مختلف جگہ سے خبریں موصول ہورہی ہیں کہ عملہ رکشے میں سامان لے کر پہنچ رہا ہے، اکثر مقامات میں سامان موجود ہے لیکن عملہ موجود نہیں ہے ۔
انہوں نے الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنیوں، چوکیداروں اور ڈرائیوروں کو پریذائڈنگ افسران بنادیا گیا ہے، الیکشن کمیشن بتائے کہ الیکشن کے نام پر کیا مذاق کیا جارہا ہے؟ موبائل سروس بند کرکے 25 کروڑ پاکستانیوں کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کارکنان گھر گھرجائیں اور ہر فرد سے رابطہ کریں اور ووٹ ڈالنے کے لیے لے کر آئیں، غیر جانبدار سروے کے مطابق جماعت اسلامی کراچی میں سب سے آگے ہے، کارکنان حالات پر نظر رکھیں اور ووٹ کا تحفظ کریں، جن لوگوں نے مینجمنٹ کرنے کی کوشش کی ہے وہ بری طرح متاثر ہوں گے، زبردستی مسلط کرنے والوں کے خلاف زبردست اور بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بغیر نہ وفاقی اور نہ ہی صوبائی حکومت بنے گی، صاف و شفاف الیکشن ہوں گے تو ہم خیر مقدم کریں گے اور اگر دھاندلی ہوگی تو اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی، کراچی کے عوام کے پاس واحد آپشن صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی ہے۔
انہوں نے وزیر داخلہ سے فوری طور پر موبائل سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔