ویب ڈیسک:پاکستانی گلوکارعاطف اسلم کی بالی ووڈمیں واپسی کی خبروں پرہندو انتہا پسند تلملا گئے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کےمشہورومعروف گلوکارعاطف اسلم کی ایک بارپھرسےبالی ووڈمیں واپسی کی خبریں گردش کررہی ہیں جس پرہندو انتہا پسند تلملا گئے،اوراپنی فلم انڈسٹری کےلوگوں کودھکانےلگے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند رہنما راج ٹھاکرے کی ہدایت پر مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے بالی ووڈ پروڈیوسرز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مشہور پاکستانی گلوکار کی ہندی فلموں میں واپسی کا خیرمقدم نہ کریں۔
ہندو انتہا پسند جماعت کے سنیما ونگ کے صدر امیا کھوپکر نے کہاکہ عاطف اسلم کو پروجیکٹس میں شامل کرنے کا ارادہ رکھنے والے افراد کو عدالتی حکم کو یاد رکھنا چاہیے اور اسی بناپر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
امیا کھوپر نے کہا کہ پاکستانی فنکار بھارت میں کبھی بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے، بدقسمتی سے ہمیں اس بات کو خود پر دہرانا پڑ رہا ہے۔
ہندو انتہا پسند کا کہنا تھا کہ یہ ایم این ایس کا مؤقف تھا اور رہے گا، ناصرف بالی ووڈ بلکہ بھارت میں کسی بھی زبان بولنے والی انڈسٹری پاکستانی فنکاروں کو اپنے پروجیکٹس میں شامل کرنے کی غلطی نہ کرے۔
واضح رہےکہ میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ گلوکار عاطف اسلم بالی ووڈ فلم لو اسٹوری 90s' کے ذریعے بالی ووڈ میں7 سال بعد واپسی کررہے ہیں۔