ضمنی انتخابات ،پی ٹی آئی کے بعد ن لیگ کا بھی یوٹرن 

ضمنی انتخابات ،پی ٹی آئی کے بعد ن لیگ کا بھی یوٹرن 

ایک نیوز: ضمنی انتخابات  میں نئی بڑی پیشرفت، پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم  جماعتوں نے بھی یوٹرن لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کا دباؤ کام کرگیا، مسلم لیگ ن  نے اسلام آباد کے ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان کردیا۔

سینئر لیگی رہنما طارق فضل چودھری نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 اور این اے 53 سے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ۔ اس کے علاوہ لیگی رہنما  نجم عقیل نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 54 سے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں۔

واضح رہے کہ ضمنی انتخابات امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا آج آخری روز  تھا۔ تحریک انصاف ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے  الیکشن لڑنے کیلئےقومی اسمبلی کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حماس حنیف عباسی نے این اے 60 اور  این اے 62 کے لیےکاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔حماس حنیف عباسی لیگی کارکنان کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفتر پہنچے اور کاغذات جمع کروائے۔حماس حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ عمران خان سے ہے، میری سیاسی تربیت مکمل ہے، دونوں حلقوں سے جیتوں گا۔خیال رہےکہ  این اے 60 شیخ رشید اور  این اے 62 شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہوئی تھی۔

شیخ راشد شفیق نے این اے 62سے شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں،پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنان بڑی تعداد میں شیخ راشد شفیق کے ہمراہ تھے،پاکستان تحریک انصاف کے فیاض الحسن چوہان،راجہ راشد حفیظ ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔

شیخ راشد شفیق نے کہا کہ آج میں نے شیخ رشید کے این اے 62کیلئے کاغزات نامزدگی جمع کروائے ہیں،آخری جلسہ کیلئے درخواست دے دی ہے،ایک شخص جس پر کوئی منی لانڈرنگ نہ ہی کرپشن کا الزام ہے اسے گرفتار کیا گیا،کل سرکاری وکیل نے کہا کہ شیخ رشید کو ضمانت نہیں دینی وہ بھاگ جائے گا،مری اور کراچی کی پولیس اڈیالہ جیل میں تفتیش کر چکی ہے، شیخ رشید نے براہ راست لکھا ہے کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات محسن نقوی،آصف علی زرداری کر رہے ہیں،میں پورے پنڈی کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں،میں این اے 60سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروانےجا رہا ہوں،شیخ راشد شفیق نے این اے 60 راولپنڈی سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔

سابق وفاقی وزیر چودھری نثار کے بیٹے بھی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے میدان میں آگئے۔چودھری نثار کے بیٹے تیمور علی خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 راولپنڈی سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سابق وفاقی وزیر کے بیٹے تیمور علی خان آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔ضمنی انتخابات امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا آخری روز ہے۔ 

 این اے 59 سے تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار تیمور خالد کاغذات نامزدگی جمع کروانے پہنچ گئے،این اے 60 سے چودھری رضوان گجر تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروانے پہنچے،تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کی بڑی تعداد انکے ہمراہ آر او آفس پہنچی۔

پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصور حیات نے این اے 63 سے کاغذات نامزدگی آج جمع کروا دئیے ہیں،ٹکٹ کا فیصلہ پارٹی قیادت عمران خان  کرینگے،میں این اے  59سے امیدوار ہوں،چودھری نثار علی کے مد مقابل ہونے پر مقابلے کا مزہ آئیگا،پی ڈی ایم والے تو ابھی فیصلہ ہی نہیں کر پائے، شیخ رشید،فواد چودھری،اعظم سواتی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں ریاستی دہشت گردی ہے،برتن ترین سیاسی انتقام ہے۔میرا مقابلہ چودھری نثار علی خان اور پی ایم ایل این سے ہے،اگر پی ڈی ایم انتخابات میں حصہ لیتی ہے  ایک اچھی فائٹ ہوگی الیکشن کی۔

دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 126 میں ضمنی انتخابات کا معاملہ،پی ٹی آئی کے امیدوار حماد اظہر نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے،حماد اظہر نے کہا کہ ہم الیکشن میں اترنے کےلئے تیار ہیں،ہم لندن نہیں بھاگیں گے،بلدیاتی ، صوبائی یا قومی اسمبلی کا الیکشن ہو تحریک انصاف تیار ہے،66 دن نگران حکومت کے رہ گئے، ایک دن آگے نہیں جا سکتے،ایک دن بھی آگے گئے تو آرٹیکل 6 لگے گا،کل ہائیکورٹ میں الیکشن 90 روز میں کرانے کےلئے تحریک انصاف کی پوری قیادت عدالت میں ہو گی،66 دن بعد پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے حکومت میں ہو گی،ہمارے لوگوں کو گولیاں لگیں، عمران خان کو گولیاں لگیں، ہم پیچھے نہیں ہٹے۔

تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔

ادھر بھکر میں کلورکوٹ ضمنی الیکشن این اے 97 امیدوار آج کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے،سابق مستعفی ایم این اے ثناءاللہ خان مستی خیل بھی امیدوار ہیں،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سابق ایم این اے عبدالمجید خان خنانخیل بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے،سابق امیدوار ایم این اے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے والے امجد علی کہاوڑ بھی امیدوار ہیں،ثناءاللہ خان مستی خیل پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر عبدالمجید خان خنانخیل نون لیگ کے متوقع امیدوار ہوں گے،حلقہ این اے 97 بھکر سے تحریک لبیک عصمت اللہ سیفی بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔