ڈالر کے کتنے اسمگلرز کو اب تک پکڑا گیا؟پی اے سی نےتفصیلات طلب کرلیں

Feb 08, 2023 | 16:08 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ڈالر کے کتنے اسمگلرز کو اب تک پکڑا گیا؟ پی اے سی نے پاک افغان سرحد سے ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس ہوا،وزارت داخلہ، سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی ایف سی کے پی کے نےاجلاس میں عدم شرکت پر پی اے سی پر اظہار برہمی کیا۔

نورعالم خان  نے کہا کہ اداروں کے سربراہان کیوں اجلاس میں نہیں آتے، کام نہیں کر سکتے تو عہدے چھوڑ دیں۔

سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ اگر میں یہاں موجود ہوں تو سب کو آنا چاہئیے۔ 

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ میں نے سوئی نادرن کی چئیرپرسن کے حوالے سے ایک اعتراض اٹھایا تھا۔سیکریٹری پیٹرولیم نے اس حوالے سے غلط بیانی کی۔

نور عالم خان نے کہا کہ اسلام آباد کلب انتظامیہ نے بھی پی اے سی سے غلط بیانی کی،چیئرپرسن ایس این جی پی ایل بورڈ کی تقرری غیر قانونی طور پر کی گئی۔ پی اے سی نے چیئرپرسن ایس این جی پی ایل بورڈ روحی خان کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کر دی۔

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ ایک ادارہ ہے جو لوگوں کی کالز ریکارڈ کرتا ہے۔اس ادارے سے ملازمین کی تفصیلات تو منگوائیں۔آئی بی کے اہلکار سارا دن پارلیمنٹ لاجز میں بیٹھے رہتے ہیں۔ سارا دن آئی بی، اسپیشل برانچ اور پولیس اہلکار بیٹھ کر ہر آنے والے کو دیکھتے رہتے ہیں۔ ان اہلکاروں کو پارلیمنٹ لاجز سے نکالا جائے۔ 

نور عالم خان نے کہا کہ آئی بی والوں کو اجلاس میں طلب کیا جائے گا۔ان ایجنسیوں کا کام دہشت گردی کو روکنا ہے۔اگر کوئی واقعہ ہوا تو ذمہ دار کون ہو گا۔ 

شیخ روحیل اصغرنے کہا کہ مرکزی گیٹ کس لیے ہے وہاں چیکنگ کیا کریں۔

پی اے سی نے پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔سینیٹرمحسن عزیز نے کہا کہ حال ہی میں کراچی پریس کلب کے سامنے افغانیوں نے پاکستان مخالف نعرے لگائے۔ جب بھی کہیں دہشت گردی ہوتی ہے تو دہشت گرد سے پاکستانی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ نکلتا ہے۔

نورعالم خان نے کہا کہ میں افغان شہریوں کو مہاجر نہیں مانتا۔ایک ملک کے شہری کئی دہائیوں سے پاکستان میں بیٹھے ہیں۔ پاک افغان سرحد سے بغیر سفری دستاویزات کیوں افغانیوں کو آنے دیا جاتا ہے۔افغان شہری ہمارے خاندانوں میں در اندازوں کی طرح داخل ہو چکے ہیں۔جن افغان باشندوں کے پاکستانی شناختی کارڈ بنے اور جن کے اب تک منسوخ کیے گئے ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔چیئرمین نادرا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افغانیوں کے شناختی کارڈ بنانے والے نادرا اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بھی بھجوائیں۔یہ در انداز دہشت گردی کا سبب ہیں۔

پی اے سی نے کہا کہ جن نادرا اہلکاروں کے خلاف خفیہ اداروں کی انکوائری چل رہی ہے ان کے نام بھی بھجوائیں۔جن افغانیوں نے یو اے ای میں پاکستانی پرچم نظر آتش کیا انہیں وہاں کی حکومت نے ڈی پورٹ کر دیا۔ہم افغان شہریوں کو ملک سے کیوں نہیں نکالتے۔ نادرا میں کئی ایسے افسر تعینات ہیں جن کے خلاف آئی ایس آئی یا آئی بی رپورٹس موجود ہیں۔نادرا کے کئی ڈی جیز ایسے افسران کی بھرتیوں میں ملوث ہیں۔ 

پی اے سی نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین نادرا سے بریفنگ طلب کر لی،خفیہ اداروں کے نمائندوں کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا،چئیرمین نادرا کا کہنا ہے کہ افغانیوں کے پاکستانی شناختی کارڑ بننا مشکل ہو گیا ہے۔

ہم نے 2427 غیر ملکیوں کے  شناختی کارڈ بننے سے روکے۔کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔اگر کمیٹی کے علم میں کرپشن سے متعلق کچھ ہے تو میری رہنمائی فرمائیں۔ کرپشن کو روکنے سے متعلق نظام تشکیل دیا ہے۔نادرا کے کرپشن فری نئے نظام سے متعلق بریفنگ کے لئے تیار ہوں۔غیر ملکیوں کے کارڈ بننے سے روکنے کے لئے نظام پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

مزیدخبریں