پی ایس او نے پیٹرول پمپس کا کوٹہ 50 فیصد کم کردیا

Feb 08, 2023 | 13:51 PM

ایک نیوز ( سدھیر چودھری ): پیٹرول بحران کا خدشہ، پی ایس او نے پیٹرول پمپس کا کوٹہ 50 فیصد کم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے پیٹرول کی راشننگ کر دی۔ پیٹرول پمپس کے کوٹے میں 50 فی صد کمی کر دی گئی۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو پیٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نعمان مجید کے مطابق چھوٹے شہروں میں پیٹرول کی سپلائی زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔ پیٹرول پمپس کو ایک دن کا اسٹاک فراہم کیا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بائیکو، حیسکول، باقری، زوم، بی انرجی اور آٹو کے پمپس بند ہو گئے جبکہ شیل کے اپنے پمپس بھی تقریبا بند پڑے ہیں۔ اسی طرح پی ایس او، ٹوٹل کے پٹرول پمپس پر پٹرول دستیاب ہے لیکن رش بڑھ گیا ہے۔

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ذخیرہ اندوزی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ ایسویسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خواجہ عاطف کا کہنا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں پٹرول کی سپلائی جان بوجھ کر روکے ہوئے ہیں۔ اوگرا اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ 

دوسری جانب کمشنر لاہور نے تمام اے سیز۔پرائس مجسٹریٹس ۔زونل افسران کو فوری پٹرول سٹیشنز چیک کرنے کا حکم دے دیا۔ کمشنر لاہور چودھری محمد علی رندھاوا نے اپنے بیان میں ہدایت کی ہے کہ تمام افسران فیول سٹیشنز چیک کریں۔ کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا نے ڈویژن کے تمام ڈی سیز۔ اے سیز کو ہدایات جاری کردیں۔ جس کے مطابق تمام اے سیز اور فیلڈ فارمیشن چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گی اور کڑی مانیٹرنگ کیجائے گی۔

کمشنر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام اضلاع کے ڈی سیز خود پٹرول سٹاک اور پٹرول اسٹیشنز کو چیک کرائیں جبکہ تمام اے سیز فیلڈ میں موجود رہ کرکسی بھی جگہ سے رپورٹ پر خود ایکشن لیں گے۔

مزیدخبریں