عبدالرزاق نے ایشیا کپ پاکستان میں کروانے کی مخالفت کردی

Feb 08, 2023 | 13:50 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق نے ایشیاکپ پاکستان بجائے کسی اور ملک میں کروانے کے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کی حمایت کردی۔
رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہناہے کہ ایشیاکپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کروانا ایک بہترین آپشن ہے، اس سے کرکٹ کو  بھی فروغ ملے گا کیونکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتی ہیں۔
عبدالرزاق  نے مزید کہا کہ بھارت کو بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی سے روکنے کے تصور سے متفق نہیں ہوں، دونوں بورڈز کو بیٹھ کر معاملے کا حل ڈھونڈنا چاہیئے ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سمیت اعلیٰ حکام نے بحرین میں ملاقات کی تھی لیکن وینیو کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا جبکہ بھارتی ٹیم کے ایشیاکپ کیلئے دورہ پاکستان پر بھی ڈیڈلاک برقرار رہا۔  اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایشیا کپ کے وینیو پر مارچ میں کوئی فیصلہ کیا جائے اور اس وقت تک دونوں بورڈز اس معاملہ پر اپنی حکومتوں کا مؤقف بھی حاصل کرلیں۔اجلاس میں نجم سیٹھی نے مؤقف اپنایا تھا کہ بھارت پاکستان نہ آیا توپاکستان بھی بھارت نہیں جائےگا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ  کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیاکپ 2023 میں اگر بھارت کی ٹیم نہیں کھیلتی تو پاکستان کوئی اسپانسر نہیں ملے گا۔بی سی سی آئی کے عہدیدار نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں جائے گی جس کی وجہ سے ایشیاکپ کو ہر صورت منتقل کرنا پڑے گا۔ ویرات کوہلی، روہت شرما اور شبمن گِل کے بغیر ٹورنامنٹ کو کوئی اسپانسر نہیں ملے گا۔

مزیدخبریں