حج کیلئے پیدل سفر کرنے والا بھارتی نوجوان پاکستان پہنچ گیا

Feb 08, 2023 | 11:53 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے پیدل سفر کرنے والا بھارتی نوجوان شہاب چتور واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا ہے۔ چتور گذشتہ چار ماہ سے پاکستان میں پیدل سفر کی اجازت اور ویزا ملنے کا انتظار کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے رہائشی مسلمان نوجوان شہاب چتور نے 2جون 2022 کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ گزشتہ سال ستمبر میں امرتسر پہنچے تھے اور پاکستان کی طرف سے پاکستان سے پیدل گزرنے کی اجازت اور ویزے کا انتظار کررہے تھے۔ لیکن پاکستان اور بھارت کے مابین ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے شہری کو پیدل ٹرانزٹ ویزا فراہم کریں گے۔
اس وجہ سے شہاب چتور کو کئی ماہ امرتسر کے ایک سکول میں قیام کرنا پڑا اور اب پاکستان کی طرف سے انہیں لاہور کا 2دن کا ٹرانزٹ ویزا ملنے کے بعد وہ پاکستان پہنچے ہیں۔ شہاب چتور نے واہگہ اٹاری سرحد عبور کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو جبکہ پاکستان پہنچنے کے بعد چائے پیتے ہوئے اپنی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
شہاب چتور اب تک 3,300 کلومیٹر پیدل سفر طے کر چکے ہیں، جس میں کیرالہ سے پنجاب تک سات ریاستوں کا سفرشامل ہے۔ شہاب، جس نے 2 جون کو ملاپورم سے اپنا 8,640 کلومیٹر کا سفر شروع کیا تھا، ستمبر 2022 میں واہگہ بارڈر کے قریب پہنچے تھے لیکن اس کے پاس ٹرانزٹ ویزا نہ ہونے کی وجہ سے سرحد پار نہ ہوسکی۔
شہاب چتور کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر واہگہ سے تفتان تک پیدل سفر کی اجازت نہیں مل سکی ہے تاہم حکام نے خیر سگالی طور پر شہاب چتور کو لاہور کا دو دن کا ٹرانزٹ ویزا جاری کیا ہے۔‘‘ وہ آج لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے اور یہاں سے اپنی اگلی منزل کی طرف روانہ ہوں گے۔

مزیدخبریں