ایک نیوز: شام میں قیامت خیز زلزلے میں تباہ ہونے والی ایک عمارت میں سترہ گھنٹے سے ملبے تلے دبی شامی لڑکی اپنی چھوٹی بہن کی ڈھال بن گئی اور اس کے سر کو زخمی ہونے سے بچانے کی کوشش کرتی رہی۔
رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد تباہی کے مناظر کی تصاویر اور دلخراش ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ایسی ہی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ملبے تلے دبی شامی لڑکی اپنی چھوٹی بہن کے سر کو اپنے ہاتھ پر رکھے اور اسے اپنے سینے سے لگائے ہوئے ہے۔
دونوں بہنیں ایک بڑے بلاک کے نیچے دبی ہوئی تھیں اور حرکت کرنے سے قاصر تھیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور شامی لڑکی اپنی چھوٹی بہن کو حوصلہ دیتی رہی۔
ریسکیو ٹیم جب موقع پر پہنچی تو امدادی ٹیم کے ایک اہلکار نے شامی لڑکی کو باتوں میں لگایا تاکہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک انہیں اطمینان دلایا جا سکے۔ اہلکار نے اس سے چھوٹی بہن کے کھلونوں کے بارے میں پوچھا؟ جس پر ملبے تلے دبی شامی لڑکی نے ریسکیو اہلکار سے کہا کہ ’انکل مجھے یہاں سے نکال لیں۔ میں زندگی بھر آپ کی خدمت کرتی رہوں گی‘۔
مقامی میڈیا اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق لڑکی اور اس کی بہن کو زلزلے کے سترہ گھنٹے بعد ملبے سے نکالا گیاہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شام میں حلب کے جندریس علاقے میں ملبے تلے دبی ایک بچی کو نکالنے کی کوشش کی جارہی تھی اور بچی بے ہوش تھی۔