ایک نیوز: سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی بازیابی کی درخواست کی سماعت پر لاہور ہائیکورٹ نے اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں محمد خان بھٹی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شہرام سرور نے محمد خان بھٹی کی اہلیہ کوثر پروین کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے درخواست گزار کو کچھ دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دے دی۔
عدالت کے حکم پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اور ڈائریکٹر ایف آئی اے پیش ہوئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ایف آئی اے کو محمد خان بھٹی مطلوب ہے مگر گرفتار نہیں کیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ محمد خان بھٹی اس وقت سندھ حکومت کے پاس ہے۔
اس پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر محمد خان بھٹی دوسرے صوبہ میں ہے تو اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ محمد خان کی غیر قانونی حراست ثابت کریں۔
اس پر وکیل نے کہا کہ مجھے میڈیا نیوز کے کلپس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔