تحریک انصاف قانون اور آئین کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، شاہ محمود قریشی

Feb 08, 2023 | 10:25 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کہتی کچھ اورکرتی کچھ ہے جبکہ معیشت تباہ، بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے اور مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہونے والا ہے۔پی ٹی آئی قانون کی حکمرانی کی جنگ سمیت آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے آواز بلند کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے خلاف سیاسی نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں اور کوئی جرم سرزد ہوا ہے تو ہمیں سنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر مجمے کو اکسانے کی کوشش کرنے کا الزام ہے جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، الزام لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں۔26مئی کو مجھ پر اسلام آباد کے 5مختلف تھانوں میں 6مقدمات درج ہوئے جبکہ مجھ پر تمام مقدمات سیاسی انتقامی کارروائی ہے جس میں سیاسی نوعیت کی دفعات لگائی گئیں، مقصد ہراساں کرنا ہے تاہم میری کوئی تقریر پیش کردیں جس پر میں نے مجمے کو اکسایا ہو۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی کچھ اورکرتی کچھ ہے جبکہ معیشت تباہ، بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے اور مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہونے والا ہے۔ہمارے دور میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہوا تھا کہ دہشتگردی سےنمٹنےکیلئےنیشنل سیکیورٹی پالیسی پیش کی اور ہم نے نیشنل سیکیورٹی پالیسی کو معاشی پالیسی سے جوڑا تھا۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی لانگ مارچ توڑ پھوڑ سے متعلق درج مقدمات تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ کا چالان جمع کروا دیا گیا  ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان آج بھی پیش نہ ہو سکے،استثنی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے جبکہ اسد عمر،عامر کیانی،شیریں مزاری اور شفقت محمود کی جانب سے بھی استثنی کی درخواست دائر کردی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی،فیصل جاوید،مراد سعید،سیف اللہ نیازی اور شبلی فراز عدالت میں پیش ہوئے اور ملزمان کی حاضریاں لگا کے جانے کی اجازت دی گئی جس کے بعد کیس کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

مزیدخبریں