ایک نیوز : انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستانی شاہینوں کا کامیاب آغاز، پہلے میچ میں نیپال کو 7 وکٹوں سے مات دیدی، محمد ذیشان کو شاندار باولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
امارات میں شروع ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا پہلا میچ نیپال کے خلاف کھیلا گیا، جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان سعد نے ٹاس جیت کر نیپال کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جو 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اوتم ماگر نے 51 رنز بنائے۔ پاکستان کے محمد ذیشان نے 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔ عامرحسن نے15 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان انڈر19 نے 26.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کر لیا۔ اذان اویس نے 62گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے56 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ کپتان سعد بیگ نے 56گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔ اذان اویس اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 108رنز کا اضافہ کیا۔
نیپال کی طرف سے گلسن جھا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان انڈر19 ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ اتوار کے روز انڈیا انڈر 19 کے خلاف کھیلے گی۔