بینکوں کی ونڈ فال آمدن ٹیکس معطلی کے حکم میں توسیع 

Dec 08, 2023 | 20:28 PM

ایک نیوز ، بینکوں کی ونڈ فال آمدن پر 40 فیصد اضافی ٹیکس کا اطلاق معطلی کے ہائیکورٹ کے حکم میں 26 جنوری تک توسیع کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بینکوں کی ونڈ فال آمدن پر 40فیصد اضافی ٹیکس کے خلاف کیس کی سماعت  ہوئی۔وکیل درخواست گزار بیرسٹر سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے ۔

 جسٹس سردار اعجاز خان نے ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کا ایس آر او معطل کر رکھا ہے۔

ایف بی آر وکیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے دائرہ اختیار چیلنج کردیا ۔

وکیل ایف بی آر کاکہنا تھا کہ کراچی کی درخواستیں اسلام آباد میں نہیں سنی جا سکتیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا جو معاملہ کراچی کا ہے وہ اسلام آباد میں کیسے سنا جا سکتا ہے ۔

عدالت نے ایف بی آر اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کراچی کی درخواستیں سننے کا اعتراض مسترد کردیا ۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان  نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کراچی کی درخواستیں بھی سنے گی ۔تفصیلی آرڈر میں کراچی کی درخواستیں سننے کی وجوہات جاری کریں گے ۔

ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کے خلاف درخواست عسکری بینک نے دائر کر رکھی ہے۔

 عدالت نے عبوری حکم میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں