ن لیگ کی انتخابات کیلئے متبادل حکمت عملی،غیرملکی فرم کی خدمات حاصل کرلیں

Dec 08, 2023 | 18:52 PM

ایک نیوز :مسلم لیگ ن نے انتخابات کیلئے جدید اور متبادل حکمت عملی  اختیار کرتے ہوئے غیرملکی فرم کی خدمات حاصل کرلیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات روایتی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ جدید دور کے تقاضوں کے تحت اقدامات بھی اپنائے گی۔ ہر حلقے میں امیدواروں کے چناو کے لئے غیرملکی فرم کی خدمات حاصل  کی جائیں گی۔غیر ملکی فرم ہر حلقے میں یونین کونسل کی سطح تک سروے کر کے لیگی قیادت کو موزوں امیدوار بارے درست معلومات فراہم کر رہی ہے۔متعلقہ کمپنی ہر امیدوار کے حلقے میں مقامی افراد سے میل جول، قابلیت و اہلیت اور جیتنے کی صلاحیت بارے معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔

مذکورہ فرم کی اب تک کے سرویز کے مطابق مسلم لیگ کو سنٹرل پنجاب سے 77سے 60 جبکہ جنوبی پنجاب سے 30 نشستیں ملنے کا واضح امکان ہے۔مسلم لیگ ن نے پنجاب کی 141 جنرل نشستوں میں سے 120 کے قریب نشستیں جیتنے کا ہدف مقرر کر دیا۔

غیر ملکی فرم کے سروے کے مطابق مسلم لیگ ن کو اب تک قومی اسمبلی کے 90 کے آس پاس حلقوں میں برتری حاصل ہے۔متعلقہ فرم کی جانب سے الیکٹیبلز کی مختلف حلقوں میں جیت کی نشاندہی کی گئی۔غیرملکی فرم کی تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں الیکٹیبلز کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کا گرین سگنل دیا گیا۔

فرم کے سروے کے مطابق راجن پور میں لغاری و مزاری قبائل سے تعلق رکھنے والے امیدوار جیت سکتے ہیں۔پوٹھوہار سے مسلم لیگ ن کو 6 نشستیں ملنے  ،اسلام آباد کی 3 میں سے 2 نشستیں جبکہ ہزارہ کی 3 نشستیں ملنے کا بھی امکان ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق غیر ملکی فرم نے چترال اور سوات سے بھی مسلم لیگ ن کے جیتنے کے امکانات ظاہر کر دئیے۔سابق فاٹا سے 2، بلوچستان سے 6 سے 8 جبکہ سندھ سے 3 نشستیں مسلم لیگ ن کو ملنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں