شوکت ترین نے پی ٹی آئی اور سیاست کو خیر باد کہہ دیا

Dec 08, 2023 | 17:10 PM

ویب ڈیسک :سابق وزیرخزانہ اور سینیٹر شوکت ترین  سینیٹرشپ سے مستعفیٰ، تحریک انصاف اور سیاست کو خیر باد کہہ  دیا ۔

سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ  پی ٹی آئی اور سینیٹ سے استعفیٰ دےرہاہوں ۔معاشی حالات اور صحت کی وجہ سے پچھلے دو ڈھائی سال بہت مشکل رہے۔ اہل خانہ اور دوستوں کی مشاورت کے بعد سیاست چھوڑ رہاہوں۔

واضح رہے کہ شوکت ترین 2021 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی نشست پر منتخب ہوئے، وہ 17 اکتوبر 2021 سے 11 اپریل 2022 تک عمران خان کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی کہ ملک کے لیے جو بھی کر سکتا ہوں وہ کروں لیکن اس وقت صحت اجازت نہیں دے رہی۔
واضح رہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کا حصہ رہنے والے شوکت ترین نے پاکستان تحریک انصاف کے 2018 میں برسراقتدار آنے کے بعد اس میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
ماضی میں بھی وزیر خزانہ کی ذمے داریاں نبھانے والے شوکت ترین کو ایک مرتبہ پھر یہ منصب سونپا گیا اور انہیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔
تاہم چھ ماہ بعد ہی انہیں وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر مشیر خزانہ بنادیا گیا تھا، آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت وہ صرف 6 ماہ تک وفاقی وزیر رہ سکتے تھے کیونکہ کابینہ کا حصہ بننے کے لیے کسی بھی شخص کے لیے سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے۔

مزیدخبریں