ایک نیوز: پی سی بی نے گیارہ نوجوان خواتین کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔ جن میں انڈر 19 کی دس اور ایک ابھرتی ہوئی کرکٹر کو شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ گیارہ نئی کرکٹرز میں ایک کرکٹر کا تعلق ایمرجنگ کیٹیگری سے ہے جبکہ دیگر دس کا انتخاب ستمبر میں مریدکے میں ہونے والے ویمن انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
کنٹریکٹس نومبر2023 سے جون 2024 تک کے لیے دیے گئے ہیں۔ کنٹریکٹس پانے والی کھلاڑیوں میں اقصیٰ یوسف، عریشہ انصاری ، حمیرا غلام حسین، کائنات ایمان، میمونہ خالد، مبین احمد، مقدّس بخاری، مسکان عابد، صبا شیر، سمیعہ افسر اور شمیر راجپوت شامل ہیں۔ شمیر راجپوت کو ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔