ایک نیوز:سپریم کورٹ نےنیشنل بینک ملازمین کی پنشن سرکاری ملازمین کے مساوی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت بغیر کارروائی کےملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک ملازمین کی پنشن سرکاری ملازمین کے مساوی کرنے سے متعلق نظرثانی درخواست پرسماعت ہوئی،جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔نیشنل بینک کی جانب سے وکیل مخدوم علی خان پیش ہوئے۔
وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ کیس میں پہلی بار پیش ہوا ہوں، تیاری کیلئے وقت درکار ہے۔عدالت نے مخدوم علی خان کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 2017 میں نیشنل بنک ملازمین کی پنشن سرکاری ملازمین کے برابر کرنے کا حکم دیا تھا،نیشنل بینک نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے،سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے پر حکم امتناع دے رکھا ہے۔
نیشنل بینک کے وکیل خالد انور نے علالت کے باعث پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔خالد انور کی جگہ نیشنل بینک نے وکیل مخدوم علی خان کی خدمات حاصل کیں،نیشنل بینک کے تقریبا 11 ہزار پنشنرز سپریم کورٹ کےفیصلےسےمتاثرہ ہیں۔