ایک نیوز: شیخ رشید نے کہا ہے کہ چلے کے بعد کوئی ٹویٹ بھی نہیں لیکن آج میرے خلاف عدالت میں 10 مقدمات کی تفصیل جمع کرائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2023 میں پنجاب حکومت نے بتایا تھا شیخ رشید کے خلاف کوئی کیس نہیں،آج میرے خلاف عدالت میں دس مقدمات کی تفصیل جمع کرائی گئی،میری چھوٹی سی سیاست ہے حلقہ 56 اور 57 کی،بچپن سے یہ سوچ ہے سب کو ساتھ لیکر چلتا ہوں،اداروں کا احترام سب پر لازم ہے،ہم نے پنڈی کے دونوں حلقوں میں کام کیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ چلے کے بعد کوئی ٹویٹ بھی نہیں،الیکشن نہیں ہوئے تو پرانی تنخواہ پر ہی کام کرینگے،ہمیں الیکشن کمیشنرکے بیان پر یقین کرنا چاہئیے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے الیکشن 8 فروری کو ہونگے۔
راولپنڈی :سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے pic.twitter.com/L8jhapsvEE
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) December 8, 2023
قبل ازیں سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے سربراہ عوامی مسلم لیگ سے متعلق درج 10 مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔
جسٹس چودھری عبدالعزیز نے استفسار کیا کہ عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی، کیا آپ چاہتے ہیں ہم مقدمات کی تفتیش بھی کرے جس پر شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے جواب دیا کہ مقدمات کی جو رپورٹ پیش کی گئی ہے عدالت اس کی جانب پڑتال کرے۔
وکیل سردار عبدالرازق نے سوال اٹھایا کہ شیخ رشید کو 6 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ مقدمات کی رپورٹ آ گئی ہے، جس کی کاپی آپکو فراہم کردی گئی ہے۔
بعدازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔