ایک نیوز: باجوڑ میں ترکھانی اور اتمان خیل کے تمام سیاسی و قبائلی عمائدین کا اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ جرگہ میں ضلعی انتظامیہ، سیاسی، مذہبی اور علاقہ مشران نے باجوڑ میں حالیہ جاری بدامنی کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کیں۔
جرگہ ممبران نے مشترکہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دے دی جو باجوڑ میں جاری بدامنی کے خاتمے کیلئے کورکمانڈر پشاور، آئی جی ایف سی نارتھ، آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور دیگر اہم ذمہ داران سے ملاقاتیں کریں گے۔
جرگہ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں امن و استحکام کا قیام مقامی لوگوں کے اپنے مفاد میں ہے۔ تمام سیاسی و قبائلی عمائدین نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
جرگہ ممبران نے غیر قانونی شہریوں کے خلاف حکومت کی کارروائیوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے مثبت اثرات کو سراہا- جرگہ ممبران نے افغانستان کی جانب سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو دی جانے والی سہولتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا-
تمام سیاسی و قبائلی عمائدین نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھتہ خوری، سمگلنگ، غیر ملکی کرنسی اور دیگر غیر قانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن کو سراہا۔