ایک نیوز نیوز: بھارتی عدالت نے بلیک میلنگ کے الزام میں فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی اتراکھنڈ ہائیکورٹ نے منگل کے روز فیس بک پر فرضی آئی ڈی بنا کر لوگوں کو بلیک میل کرنے اور لوٹ مار کے کیس میں جواب نہ دینے پر فیس بک انتظامیہ پر جرمانہ عائد کیا۔کیس کی سماعت چیف جسٹس اتراکھنڈ ہائیکورٹ جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس آر سی کھلبے پر مشتمل 2 رکنی ججز بینچ نے کی۔ درخواست گزار آلوک کمار نے شکایت کی کہ فیس بک انتظامیہ عدالتی حکم کی پیروی نہیں کر رہی۔
قبل ازیں گزشتہ سماعت پر اتراکھنڈ ہائیکورٹ نے فیس بک کو جوابی حلف نامہ داخل کرانے کا حکم دیا تھا۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ فیس بک نے جوابی حلف نامہ داخل کرانے کی زحمت ہی نہیں کی۔
اتراکھنڈ ہائیکورٹ کے معزز ججز نے فیس بک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 50 ہزار کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جرمانہ 3 ہفتوں کے اندر اندر جمع کرایا جائے اور فیس بک آئندہ برس فروری تک جواب بھی داخل کرے۔
درخواست گزار نے اتراکھنڈ ہائیکورٹ سے شکایت کی تھی کہ فیس بک میں بلیک میلنگ کے واقعات بڑھ رہے ہیں جس پر چیف جسٹس وپن سنگھی کی قیادت میں 2 رکنی بینچ نے فیس بک سے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت کو فیس بک کے مؤقف کا انتظار ہے۔