دہلی بلدیاتی انتخابات: عام آدمی پارٹی کی فتح سے مودی سرکار کے 15 سالہ دور کا خاتمہ 

Dec 08, 2022 | 12:39 PM

ایک نیوز نیوز: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی(آپ) نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی نے دہلی کی بلدیاتی حکومت پر بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کر دیا ہے۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے پارٹی کی فتح کے بعد اپنے خطاب میں دہلی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے معاملات کو سنبھالنے کے لیے اپنے بیٹے اور بھائی کو منتخب کیا ہے۔

واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن دہلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 134 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ حریف جماعت بی جے پی 104 نشستیں جیت سکی ہے۔ کانگریس صرف 9 نشستوں تک محدود رہی۔

میونسپل کاپوریشن کی کل 250 نشتیں ہیں جبکہ حکومت بنانے کے لیے 126 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے اکثریتی عدد سے آٹھ زائد نشستیں حاصل کی ہیں۔

اس موقعے پر عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے حزبِ اختلاف کی جماعتوں سے اپیل کہ ہے کہ ملک کے دارالحکومت کی ترقی کے لیے وہ مل جل کر کام کریں۔

’میں تمام جماعتوں کے امیدواروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ سیاست آج کے دن تک تھی۔ آج کے بعد ہمیں مل جل کر کام کرنا ہے۔ میں کانگریس اور بی جے پی سے کہتا ہوں کہ وہ عام آدمی پارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں۔‘

’اب آپ بی جے پی کے کونسلر نہیں ہیں بلکہ آپ دہلی کےکونسلر ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’ہمیں دہلی کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی حکومت کے تعاون اور وزیراعظم نریندر مودی کے آشیرواد کی ضرورت ہے۔‘

اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ ’کرپشن اور منفی سیاست کے خاتمے‘ کے لیے سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ 2017 کے میونسپل کارپوریشن کے انتخاب میں بی جے پی نے 180 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ عام آدمی پارٹی محض 48 اور کانگریس 30 نشستیں لے سکی تھی۔

 یادرہے اروند کجریوال حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کے بڑے منصوبے شروع کررکھے ہیں جبکہ شہریوں کے لئے 300 یونٹ بجلی فری، خواتین اور طلبا کے لئے میٹرو سمیت مفت سرکاری ٹرانسپورٹ اور شہری سہولیات کی فراہمی گھروں کی دہلیز پر دی ہے۔

مزیدخبریں