ایک نیوز نیوز: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدوضوابط، استحقاق کا اجلاس چیئرمین رانا قاسم نون کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ جس میں اراکین اسمبلی بیوروکریسی کیجانب سے پروٹوکول نہ دینے پر پھٹ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق اراکین اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ بیوروکریسی نہ فون سنتی ہے اور نہ ان کا کوئی کام کرتی ہے۔ اراکین اسمبلی نے ایئرپورٹس پر پروٹوکول نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا۔ جس پر کمیٹی نے تھریٹ الرٹس کی روشنی میں متعلقہ اراکین پارلیمنٹ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
قائمہ کمیٹی نے سندھ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کرنے والی شخصیات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کمیٹی نے تمام سفارت کاروں اراکین پارلیمنٹ اور ان کی فیملی کے لیے ایئرپورٹ پر امیگریشن کا الگ کاؤنٹر بنانے کے لئے ہدایت کردی۔
قائمہ کمیٹی نے ہدایات جاری کیں کہ جن اراکین پارلیمنٹ کی جانوں کو خطرات ہیں۔ صوبائی آئی جیز انہیں سیکیورٹی فراہم کریں۔
اس موقع پر اراکین کمیٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو بے توقیر نہیں ہونے دیں گے۔ بیورو کریٹس پہلے ہم سے بدتمیزی کرتے ہیں۔ یہاں آکر معافیاں مانگتے ہیں۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ ایسے سرکاری افسران کی اے سی آرز میں ان کے رویے درج کیے جائیں۔