ایک نیوز:اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اور لائق احترام علما ومشائخ،وزرا اور افسران کو سلام پیش کرتا ہوں ،سپہ سالار کی پر جوش اور دلوں کو گرمادینے والی تقریر کے بعد مزید کسی اضافے کی ضرورت نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی گفتگو یقیناً ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے،علمائے کرام کی رہنمائی پر چلنے والا انسان ہوں،14اگست کو پوری قوم77واں یوم آزادی ملی جوش وجذبے سے منائے گی،آج قوم کو پہلے سے کہیں زیادہ یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان قریبی تعاون ہے، پاکستان کے بہتر مفاد میں اداروں کے درمیان اشتراک آئندہ کیلئے رول ماڈل ہے،77 سال کی اجتماعی کمزوریوں کر سامنے رکھ کر ماضی سے سبق سیکھنا ہے،سیاسی حکومت اور اداروں کے درمیان ایسا تعاون پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور سپہ سالار پاکستان کے بہترین مفاد میں کام کررہےہیں، آج پاکستان کو سنگین معاشی حالات درپیش ہیں،اسلام آباد: ہمیں سماجی اور معاشی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرنا ہے،ماضی کی حکومت یا سیاسی لیڈر کےحوالے سے گفتگو نہیں کروں گا، ہمیں اجتماعی کامیابیوں کو بھی سامنے رکھنا چاہیے، ہم مل کر پاکستان کو اقوام عالم میں بہترین مقام دلواسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوارج نے اسلامی تاریخ میں تباہ کن کردار ادا کیا تھا، ہمیں اسلامی تاریخ سے سبق حاصل کرنا ہے، اسلامی لبادے میں ملک دشمنی کرنےوالوں کا مقابلہ کرنا ہے،سوشل میڈیا پر حقائق کو جس طرح مسخ کیا جاتاہے وہ لمحہ فکریہ ہے،عوامی مفاد کی سیاست جھوٹے پروپیگنڈے کی نظر ہورہی ہے، 9مئی سے زیادہ دلخراش واقعہ آج تک پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا، آئی ایم ایف کے پاس جانا خوشی نہیں مجبوری ہے،اللہ کرے آئی ایم ایف کا یہ پروگرام آخری ثابت ہو۔