گورنر کے پی کی وزیر داخلہ سے ملاقات،امن وامان پر تبادلہ خیال 

 گورنر کے پی کی وزیر داخلہ سے ملاقات،امن وامان پر تبادلہ خیال 
کیپشن: Governor KP meets Home Minister, discusses peace and security

ایک نیوز: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال، امن عامہ اور کرم کے افسوسناک واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا نےکرم کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا،مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لئے کثیر الجہتی مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے پر بھی اتفاق ہوا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرم میں اراضی کے تنازع پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض عناصر نےدو گروپوں کے مابین تصادم کو غلط رنگ دیا جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا، کرم سے تعلق رکھنے والے مجلس وحدت المسلمین کے ایم این اے حمید حسین کی قیادت میں معززین علاقہ سے ملاقات کی اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کئے، سکیورٹی فورسز نے بھی صورتحال کےتناظر میں موثر اقدامات کئے،پوری کوشش ہے کہ کرم سمیت خیبرپختونخوا میں امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنایاجائے، امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے میں بیرونی ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ 
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔