ایک نیوز:فش ہاربر میں واقع ایک فیکٹری میں دھماکے کے بعد زہریلی گیس کا اخراج شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 11 خواتین کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے بے ہوش ہونے والی خواتین کو اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق امونیا گیس کی بدبو سے علاقے میں مزید بھی لوگ متاثر ہوئے ہیں۔علاقے میں امونیا گیس کی بدبو پھیل گئی ہے جس کے بعد امدادی اداروں کو طلب کرلیا گیا ہے۔
سکیورٹی انچارج فش ہاربر ناصر بونیری کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں جھینگے اور مچھلی کی پروسیسنگ ہوتی ہے، ایمونیا گیس کے دھماکے سے علاقے میں بدبو پھیلی، فیکٹری میں 60 خواتین صبح 9 بجے معمول کے مطابق کام پر پہنچی تھیں۔
گیس سے متاثر ہو کر 11 خواتین بے ہوش ہوئیں جنہیں سول اسپتال روانہ کر دیا گیا، فیکٹری کی دیگر خواتین محفوظ ہیں۔