امریکا: شدید طوفان سے 2 افراد ہلاک، لاکھوں لوگ بجلی سے محروم

Aug 08, 2023 | 15:18 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: مشرقی امریکا کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز شدید طوفان کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

رپورٹ ک مطابق الاباما سے نیو یارک تک تقریباً تمام مشرقی سمندری علاقے بارش، تیز ہواؤں اور اولوں کی لپیٹ میں آئے۔محکمہ موسمیات نے 80 میل فی گھنٹہ ( کی رفتار سے تیز ہواؤں اور خطرناک طوفان کے خطرے کی پیش گوئی کی تھی۔

بالٹی مور اور واشنگٹن میں نیشنل ویدر سروس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس الرٹس موصول ہونے کے لیے متعدد ذرائع موجود ہیں۔شام تک سخت موسم کا خطرہ ٹل گیا لیکن بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے کچھ علاقوں کو سیلاب کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ورجینیا میں 4.5 انچ کے اولے گرے۔ اس کے علاوہ الاباما میں ایک انڈسٹریل پارک کی پارکنگ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک 28 سالہ شخص جان کی بازی ہار گیا۔جنوبی کیرولائنا میں 15 سالہ نوجوان  اپنے دادا دادی کے گھر کے باہر  درخت گرنے سے جان کی بازی ہار گیا،مشرقی ساحل سے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر 7 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔

موسم کی خرابی کے باعث ایک ہزار 700 سے زیادہ امریکی پروازیں منسوخ کردی گئیں اور 8 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔واشنگٹن میں وفاقی ایجنسیوں نے موسم کی صورتحال کے پیش نظر ملازمین کو  قبل از وقت ہی اپنے اپنے گھر جانے کی اجازت دے دی تھی۔

 جنوبی امریکا کے کئی علاقے بشمول ٹیکساس، لوزیانا اور فلوریڈا شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور  درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے دنیا بھر میں موسم کی شدت اور فریکوئنسی کو بڑھا دیا ہے۔

مزیدخبریں