ایک نیوز :پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز سے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات کا مقصد سرفراز نواز کی رکی ہوئی ادائیگیوں کا مسئلہ حل کرنا تھا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں سابق کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے اس موقع پر سرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا اور انہیں تمام تر حمایت کا یقین بھی دلایا۔ یہ وہ ادائیگیاں تھیں جو سرفراز نواز کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث ڈسپلنری کارروائی کے تحت روک دی گئی تھیں۔ سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دلایا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر عمل کریں گے لہٰذا پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت وہ ادائیگیاں بحال کردی گئی ہیں۔
ذکاء اشرف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو اس حالت میں دیکھ کر افسوس ہوا اور وہ یہ دیکھ کر بہت ڈسٹرب ہوئے کہ سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو ان کی پنشن جیسے حق سے محروم رکھا گیا۔
یاد رہے کہ سرفراز نواز نے 55 ٹیسٹ اور45 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 177 اور 63 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سرفراز نواز کا آسٹریلیا کے خلاف مارچ 1979 کے میلبرن ٹیسٹ کا یادگار اسپیل کوئی بھی نہیں بھول سکتا جب انہوں نے 33 گیندوں کے اسپیل میں صرف ایک رن دے کر سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس اننگ میں انہوں نے 86 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کو یادگار جیت سے ہمکنار کیا تھا۔