ایک نیوز: مون سون بارشوں اور ملک بھر میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال پر پی ڈی ایم نے تازہ رپورٹ جاری کردی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا کے مقام سے 254٫000 اور کالا باغ کے مقام سے 277٫451 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم دریائے جہلم، چناب اور راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ اسلام میں پانی کی آمد 62,801 اور اخراج 61٫351 ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ اور سدھنائی کے مقام پر پانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے امکانات ہیں۔ تاہم بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ رواں ہفتے میں بارشوں کے سلسلے میں کمی کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے ک شہری سیلاب اور موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔ عوام دریاؤں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم عمران قریشی نے انتظامیہ کو دریاؤں کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔