ایک نیوز: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو لیویز اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عظیم جان دومڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ موسٰی خیل کے علاقے راڑہ شم میں لیویز فورس نے پولیس کے ہمراہ اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو وہاں پہلے سے تاک میں بیٹھے ملزمان نے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو لیویز اہلکار خانان اور خلیق الزمان جاں بحق ہوگئے جبکہ لیویز دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی لیویز اہلکاروں کو علاج کیلئے ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد جاں بحق لیویز اہلکاروں کے لواحقین نے کنگری کے مقام پر قومی شاہراہ بلاک کردی تاہم ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر لواحقین نے احتجاج ختم کرکے قومی شاہراہ کھول دی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے موسیٰ خیل میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی میں دو لیویز اہلکاروں کی شہادت اور دو اہلکار وں کے زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔