آئی فون 14 سیریز کے انقلابی فیچرز نے مارکیٹ میں تہلکہ مچادیا

ایپل کی نئی آئی فون سیریز ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
کیپشن: ایپل کی نئی آئی فون سیریز ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ایک نیوز نیوز: آئی فون 14 سیریز  کے نئے فیچرز کے حوالے سےمارکیٹ میں نئی  لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔ایپل کی نئی آئی فون سیریز ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق اس سال بھی 4 آئی فونز متعارف کرائے جائیں گے جن میں آئی فون 14، 14 پرو، 14 میکس اور 14 پرو میکس شامل ہوں گے۔

 یعنی اس سال آئی فون منی پیش نہیں کیا جائے گا اور لیکس کے مطابق آئی فون 14 کے پرو ماڈلز میں پہلے سے بڑا کیمرا زیادہ ریزولوشن کے ساتھ دیا جائے گا۔

ان فونز کے بارے میں اب تک جو کچھ معلوم ہوچکا ہے وہ درج ذیل ہے۔

ڈیزائن اور ڈسپلے:
اس بار کے فونز دیکھنے میں لگ بھگ آئی فون 13 سیریز جیسے ہی ہوں گے، خاص طور پر آئی فون 13 اور 13 میکس۔

آئی فون 14 میں 6.1 انچ، آئی فون 14 میکس میں 6.7 انچ، آئی فون 14 پرو میں 6.1 جبکہ آئی فون 14 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔

ایک لیک کے مطابق اس بار آئی فون 14 سیریز میں روایتی سم کارڈ کے لیے سلاٹ نہیں ہوگی بلکہ صرف ای سم سپورٹ دی جائے گی، مگر اس حوالے سے تصدیق کرنا مشکل ہے۔

پہلے سے زیادہ تیز رفتار پراسیسر:
آئی فون 14 کے سستے ماڈلز میں گزشتہ سال کا اے 15 پراسیسر دیے جانے کا امکان ہے۔

مگر آئی فون 14 پرو ماڈلز میں زیادہ تیزرفتار اور طاقتور اے 16 پراسیسر دیے جانے کا امکان ہے تاکہ وہ دیگر ماڈلز کے مقابلے زیادہ فلیگ شپ فیچرز سے لیس محسوس ہوں۔

آل ویز آن ڈسپلے:
ایک رپورٹ کے مطابق آئی 14 پرو ماڈلز میں پرو موشن (pro motion) ٹیکنالوجی موجود ہوسکتی ہے۔

اس سے ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے ریفریش ہوسکے گا جو اسکرولنگ کا عمل زیادہ ہموار کرے گا۔

ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس بار پرو ماڈلز میں آل ویز آن ڈسپلے موڈ کا فیچر بھی موجود ہوگا جو پہلی بار کسی آئی فون کا حصہ بنے گا۔

ایمرجنسی فیچرز:
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایپل کی جانب سے 2022 میں نئے آئی فونز میں ٹریفک حادثے کی شناخت کے فیچر کو متعارف کرایا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے فونز میں ایسے سنسرز لگائے جائیں گے جو کسی گاڑی کے ٹکرانے پر کشش ثقل کی طاقت بڑھنے کی جانچ پڑتال کرکے خودکار طور پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کریں گے۔

ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ اس بار نئے آئی فونز میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کا فیچر بھی دیا جاسکتا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جارہا تھا کہ وہ گزشتہ سال کے فونز کا حصہ بنے گا۔

اس فیچر سے صارفین ایسے مقامات سے بھی ہنگامی حالات میں ٹیکسٹ میسج بھیج سکیں گے جہاں موبائل سگنلز یا وائی فائی تک رسائی نہیں ہوگی۔

پہلے سے زیادہ بہتر اور بڑا کیمرا:
ہر سال کی طرح اس بار بھی نئے آئی فونز میں کیمرا سیٹ اپ کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

میک ریورمرز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس بار دونوں پرو ماڈلز میں 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا جائے گا جو 8K ویڈیو ریکارڈ کرسکے گا۔

اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ آئی فون 13 پرو ماڈلز میں 12 میگا پکسل کیمرا دیا گیا تھا۔

آئی فون 14 اور 14 پرو میکس میں کیمرا سیٹ اپ چوکور ہوگا جن کے لینس بھی گزشتہ ماڈلز سے بڑے ہوں گے۔

اسی طرح سب ماڈلز میں فرنٹ کیمرے کو بھی بہتر بنایا جائے گا، ویڈیو کالز کے لیے آٹو فوکس کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

نوچ کے بغیر:
آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس 2017 کے بعد اولین آئی فونز ہوں گے جن میں سیلفی کیمرے کے لیے نوچ ڈیزائن نہیں دیا جائے گا۔

مختلف لیکس کے مطابق دونوں ماڈلز کے فرنٹ پر سیلفی کیمرے پنچ ہول ڈیزائن میں دیے جائیں گے۔

نئے رنگ:
ایک لیک میں دعویٰ کیا گیا کہ اس بار تمام نئے آئی فونز ایک نئے پرپل رنگ میں بھی دستیاب ہوں گے۔

پرپل رنگ کے آئی فون کی رنگت روشنی میں بدل جائے گی۔

آئی فون 14 اور 14 میکس ماڈلز پرپل کے ساتھ ساتھ بلیک، وائٹ، بلیو اور ریڈ رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔

اسی طرح 14 پرو اور 14 پرو میکس پرپل کے ساتھ ساتھ گولڈ، سلور اور graphite رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔

قیمت:
درحقیقت اس حوالے سے کچھ بھی کہنا مشکل ہے کیونکہ کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس سال آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ کچھ میں کہا گیا کہ ایسا نہیں ہوگا۔

لیکس کے مطابق آئی فون 14 کی قیمت 799 ڈالرز (128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل) سے شروع ہوگی جبکہ آئی فون 14 میکس 899 ڈالرز، آئی فون 14 پرو 999 ڈالرز اور آئی فون 14 پرو میکس 1099 ڈالرز کا ہوگا۔