ایک نیوز نیوز: کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں رہائشی پروجیکٹ کے نجی سکیورٹی گارڈ کے بہیمانہ تشدد سے خاتون بے ہوش ہوگئی،واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ شارع فیصل کے علاقے راشد منہاس روڈ گلستان جوہر بلاک 17 میں رہائشی پروجیکٹ نعمان گرینڈ سٹی میں نجی سکیورٹی گارڈ نے خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خاتون زمین پر گر کر بے ہوش ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نجی کمپنی کا سکیورٹی گارڈ پہلے ایک خاتون سے بات کر رہاہے، اسی دوران گارڈ مشتعل ہوگیا اور اس نے خاتون کو زور دار تھپڑ دے مارا، جس سے خاتون زمین پر گرگئی۔گارڈ نے زمین پر گری خاتون کے چہرے پر لات بھی ماری۔آپے سے باہر سکیورٹی گارڈ کو اس کے ساتھی نے روکنے کی کوشش بھی کی، تاہم اس نے بات نہ سنی۔
واقعے کے وقت اپارٹمنٹ کے مرکزی گیٹ پر مبینہ طور پر یونین کے ذمے دار بھی موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اپارٹمنٹ میں لوگوں پر تشدد معمول بن چکا ہے اور اپارٹمنٹ کے رہائشی یونین کے عہدیداروں سے بہت زیادہ خوفزدہ ہوچکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کے حوالے سے خاتون نے شاہراہ فیصل تھانے سے رجوع کیا تھا۔ خاتون کا رہائشی عمارت کی یونین سے جھگڑا چل رہا تھا۔متاثرہ خاتون نے سکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا ہے۔