ایک نیوز نیوز: 9محرم الحرام پر پاکستان کے مختلف شہروں میں آج جلوس نکالے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں 9 محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ پہنچ کرختم ہوگا۔
اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناءعشری سےبرآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس یہیں ختم ہوگا۔
گوجرانوالہ شہر میں 9 محرم الحرام کے موقع پر عزادارن کا مرکزی جلوس برآمد ہو گا، اس موقع پر موبائل فون سروس معطل ہے۔
ملتان میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا جس کے لیے اس وقت جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہو گیا۔ جلوس صدر روڈ، فخرِ عالم روڈ اور ٹیپو سلطان روڈ سے ہوتا ہوا فوارہ چوک پہنچے گا جہاں عزاء دار نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔ ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال پر دوبارہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ پشاور کا صدر بازار ایک داخلی راستے کے علاوہ مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔
سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس الحسینیہ امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا، جو مختلف راستوں سے ہو کر واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سےدوپہرایک بجےبرآمدہوگا،جلوس ایم اےجناح روڈ،صدر ایمپریس مارکیٹ،تبت سینٹر،سےگزرےگا اور کھارادر میں حسنینہ ایرانیان امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔
روہڑی میں نو ڈھالہ تعزیہ کا 500 سالہ تاریخی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔
سرگودھا میں 9 محرم الحرام کے موقع پر آج ضلع بھر میں مجموعی طور پر 64 جلوس نکالے جائیں گے۔ مرکزی جلوس شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا بعد نمازِ مغرب امام بارگاہ بلاک 7 پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
نویں محرم الحرام کےموقع پر وہاڑی کے شہری قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر جا کر ان کی مغفرت کی دعائیں کر رہے ہیں، ساتھ ہی نذر نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی سخت سیکیورٹی انتظامات میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجلسیں بپا کی جا رہی ہیں اور عزا داری کی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں 9 محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اسی سلسلے میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں کے قریب موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ کئی شہروں میں موبائل سروس بھی بند ہے۔