ایک نیوز:عیدالفطرمنانے پردیسیوں کی آبائی شہروں میں واپسی،بس اڈوں پررش بڑھ گیا،زائد کرایوں کی شکایات،ٹرینیں بھی گھنٹوں لیٹ ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر میں 2روز باقی ر ہ گئے ۔عید منانے کیلئے پردیسیوں کی آبائی علاقوں میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔لاہور لاری اڈہ،سکیم موڑ سمیت دیگر بس اڈوں پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔کئی مسافروں کی جانب سے اضافی کرایے وصول کرنے کی شکایات بھی کی گئیں۔
عید الفطر پر پردیسیوں کو انکے گھروں تک پہنچانے کے لئے عید اسپیشل ٹرینوں کا آغاز ہو گیا۔ ریلوے انتظامیہ کے جاری کر دہ شیڈول کےمطابق عید پر 4اسپیشل ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ریلوے انتظامیہ کےمطابق ٹرینوں میں 100فیصد ایڈوانس بکنگ ہو چکی ہے مسافروں کے رش اور سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر ٹرینوں کےساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جارہی ہیں ۔
مسافروں کی جانب سے لاہور ریلوے اسٹیشن پر سہولیات کے فقدان اور ٹرینوں کی آمدورفت کی تاخیر کے شکوے،شکایات کی گئیں۔
لاہور میں 50فیصدسے زائد آبادی عید منانے کیلئے آبائی علاقوں کا رخ کرتی ہے۔
یاد رہے کہ ریلوے انتظامیہ کے ا علان کے مطابق عید الفطر کے روز ریلوے کے تمام ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے ۔اور اس سے اگلے روز بھی صبح 8بجے سے لیکر دوپہر 2بجے تک بند رہیں گے اور اس کے بعد اپنے نارمل اوقات کا ر کے مطابق کا م کریں گے۔