ایک نیوز :ایران میں بےحجاب خواتین کی شناخت کیلئے کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے بےحجاب خواتین کی نگرانی کرنے کیلئے عوامی مقامات پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ لازمی ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی نگرانی کیلئے عوامی مقامات اور راستوں پر کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ بے پردہ خواتین کی شناخت کرکے انہیں سزا دی جا سکے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ایسی خواتین کی شناخت ہونے کے بعد، خلاف ورزی کرنے والوں کو نتائج کے بارے میں انتباہی ٹیکسٹ میسجز موصول ہوں گے۔ایران کی میزان نیوز ایجنسی اور دیگر سرکاری میڈیا کے مطابق اس اقدام کا مقصد حجاب قانون کے خلاف مزاحمت کو روکنا ہے۔ اس طرح کی مزاحمت ملک کی روحانی اساس کو کمزور کرتی ہے اور عدم تحفظ کو پھیلاتی ہے۔